27 فروری 2012 - 20:30

ایک بیان میں شیعہ علماء کونسل کے رہنماء نے کہا کہ امریکہ حقیقت میں اسلام کا دشمن ہے، افغانستان میں ہونے والی یہ ناپاک جسارت خطہ میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، پشاور میں دہشتگردی کی نئی لہر باعث تشویش ہے۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق مشیر وزیراعلیٰ علامہ محمد رمضان توقیر نے بگرام ائیر بیس پر امریکی اور نیٹو افواج کی جانب سے قرآن مجید کی بے حرمتی پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی شدید دل آزاری ہوئی ہے، تنظیم کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور سے جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کھلی دہشتگردی ہے، امریکی فوجیوں کی اس مزموم حرکت نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے عزائم ظاہر کر دیئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ حقیقت میں اسلام کا دشمن ہے، افغانستان میں ہونے والی یہ ناپاک جسارت خطہ میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔

انہوں نے امریکی صدر اوبامہ کی جانب سے معاملہ پر معافی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل متعدد مرتبہ امریکی اور نیٹو فوجی اس قسم کی مزموم حرکات کر چکے ہیں لہٰذا اس ناقابل برداشت فعل میں ملوث فوجیوں کو سرعام پھانسی دینے تک امت مسلمہ کے جذبات ٹھنڈے نہیں پڑ سکتے۔

علامہ رمضان توقیر نے پشاور میں دہشتگردی کے واقعات پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد ایک مرتبہ پھر صوبائی دارالحکومت کو نشانہ بنارہے ہیں، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت دہشتگردی کی اس نئی لہر پر قابو پانا چاہئے، انہوں نے دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی۔
.......

/169